کورنگی میں میڈیکل اسٹور مالک ذاتی دشمنی پر قتل ہوا -پولیس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورنگی میں میڈیکل اسٹور مالک کے قتل کو پولیس نے ذاتی دشمنی قرار دے دیا، مقتول کا بیٹا آئی ایس او کورنگی یونٹ کا نائب صدر ہے، مقدمہ تاحال درج نہ ہوسکا۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی نمبر 2 سیکٹر 48/F مسجد حفظہ کے قریب بدھ وجمعرات کی شب موٹر سائیکل سوار 2ملزمان نے میڈیکل اسٹور پر فائرنگ کرکے 45سالہ فدا حسین ولد محمد علی کوقتل کردیا تھا، جبکہ ایس ایچ او انظار عالم نے واقعے کو ذاتی دشمنی قرار دیتے ہوئے بتایا تھا کہ مقتول اپنے میڈیکل اسٹور پر موجود تھا کہ 2افراد آئے جنہیں دیکھ کر فدا حسین بھاگنے لگا جس پر ملزمان نے دو فائر کیے جس کے نتیجے میں ایک گولی فدا حسین کے کولہے میں لگی اور وہ نیچے گر گیا۔ ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ ملزمان کے فرار ہونے کے بعد بھی کوئی زخمی کو اسپتال نہیں لے کر گیا اور خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی، تاہم علاقائی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مقتول فدا حسین کا بیٹا عاطف حسین امامیہ اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن کورنگی یونٹ کا نائب صدر ہے، ذرائع کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی نہیں ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے، تاہم ایس ایچ او نے رابطے پر واقعہ کے حوالے سے بتایا کہ ابھی اس حوالے سے کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا، تفتیش چل رہی ہے۔ تاحال واقعہ کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا۔

Comments (0)
Add Comment