گاڑیوں کی خرید وفروخت کیلئے بائیومیٹرک نظام متعارف کرنے کی تجویز

کر اچی (اسٹاف رپورٹر)حکومت سندھ کو موٹر وہیکل قوا نین آرڈیننس میں تر میم کیلئے تجویز دی ہے تاکہ اوپن لیٹر پر چلنے والی گاڑیوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔یہ بات آج صوبائی وزیر برائے ایکسائزاینڈٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمارچاؤلہ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور عبدالرحیم شیخ ،ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن شبیراحمد شیخ اور دیگر ڈائریکٹرز نے بھی شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل شبیر احمد شیخ نے بتایا کہ موٹر وہیکل قوانین میں ترمیم کے لئے حکومت کو تجویز دی ہے جس کے تحت گاڑی خریدنے اور فروخت کرنے والے کے لیے یہ لازمی ہوگا کہ وہ گا ڑی کی رجسٹریشن ،ٹرانسفر کے وقت بائیومیٹرک تصدیق کے لئے موجود رہے۔ محکمہ ایکسائز کے تحت اسمارٹ کارڈ کے اجرا ءکے لئے تمام کارروائی مکمل کر لی گئی ہیں ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ایکسائز اینڈٹیکسیشن و انسداد منشیات و پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کے اقدامات کے باعث اوپن لیٹرز پر چلنے والی گاڑیوں کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے۔

Comments (0)
Add Comment