انقرہ(امت نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان اورترکی کے درمیان دو طرفہ تجارت کا فروغ ضروری ہے۔وزیراعظم عمران خان کا انقرہ میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم سرمایہ کاروں کے لیے ماحول سازگار بنانے کے لیے اقدامات اور ملک میں گورننس کی بہتری پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔ پاکستان میں اگلے پانچ سالوں میں پچاس لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے۔وزیراعظم عمران خان کا ترکی کے ممتاز تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے، پاکستان میں سی پیک منصوبے سے زبردست تجارتی سرگرمیاں شروع ہونگی، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم چین کی مدد سے خصوصی اقتصادی زونز قائم کر رہے ہیں، پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں بے پناہ مواقع ہیں۔قبل ازیں وزیر اعظم وفد کے ہمراہ سرکاری دورے ترکی کے شہر قونیہ پہنچے جہاں ایئرپورٹ پر قونیہ کے گورنر، ڈپٹی میئر اور ترکی میں تعینات پاکستانی سفیر سائرس سجاد قاضی نے ان کا استقبال کیا۔عمران خان نے وفد کے ہمراہ عظیم صوفی بزرگ حضرت جلال الدین رومی کے مزار پر حاضری دی۔ انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔