زرداری کی پیشی پر پارٹی رہنماؤں۔جیالوں کو عدالت پہنچانے کی تیاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کی قیادت نے آصف زرداری کی ضمانت 7 جنوری کو ختم ہونے پرسماعت کے موقع پر دوبارہ بڑے پیمانے پر سینئر رہنماؤں اور کارکنان کے ساتھ عدالت پہنچنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ اور جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت کی مدت پیر کو ختم ہورہی ہے اور اسی دن بینکنگ کورٹ میں کیس کی سماعت بھی ہے ۔عدالت میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں توسیع کی درخواست دی جائے گی جبکہ آصف زرداری اس مرتبہ بھی پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوں گے۔ مذکورہ کیس میں گرفتار اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کو سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود اس بنیاد پر اڈیالہ جیل منتقل نہیں کیا گیا کہ انہیں ا دارہ امراض قلب کا ڈاکٹر منتقلی کی اجازت نہیں دے رہا جبکہ ان کے بیٹے عبدالغنی عرف اے جی مجید اور سمٹ بینک کے سابق صدر حسین لوائی کو 29 نومبر 2018 کو ملیر جیل سے اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا۔ 7 جنوری کو سماعت پر انہیں تیسری مرتبہ اسلام آباد سے طیارے کے ذریعے کراچی لایا جائے گا۔ اس سلسلے میں سندھ پولیس کی ٹیم بھی جائے گی اور انہیں اتوار کی شب ملیر جیل لایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے اس کے بعد انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا انتظام بھی کر لیا گیا ہے۔ اس ضمن میں سندھ اور پنجاب کے حکام رابطے میں ہیں۔

Comments (0)
Add Comment