مقبوضہ بیت المقدس(امت نیوز/ایجنسیاں)انتہا پسند یہودیوں نے پھر مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کر دی۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق 43 یہودی آباد کار پولیس کی فول پروف سیکورٹی میں قبلہ اول میں داخل ہوئے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ ان میں 25 یہودی مذہبی اسکولوں اور جامعات کے طلبہ بھی شامل تھے۔ یہودی آباد کاروں کی قیادت شدت پسند یہودی مذہبی لیڈروں اور ربیوں نے کی۔ اس موقع پر مسجد کے محافظوں نے یہودیوں کو قبلہ اول میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی تو یہودیوں نے انہیں زدو کوب کیا۔ اسرائیلی پولیس نے بھی فلسطینی محافظوں کو پیچھے دھکیل دیا اور یہودی آباد کاروں کو آزادی کے ساتھ مسجد میں گھومنے کی اجازت دی گئی۔دریں اثنا مقبوضہ مغربی کنارے میں غیرقانونی آباد300یہودیوں کی بستی ختم کرنے کے آپریشن کے دوران پتھرائوسے 23اسرائیلی پولیس اہلکار اور 3آباد کار زخمی ہو گئے۔7 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔