مزید 200 دکانوں پر بلڈوزر چل گئے – ڈرائی فروٹ اسٹالز ضبط

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد تجاوزات عملے نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے 200سے زائد دکانیں اور درجن سے زائد دکانوں کے سائن بورڈ مسمار کردیئے ۔ ماڑی پور روڈ پر آپریشن کے دوران مزاحمت پر 4افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو آپریشن کے دوسرے روز ضلع کورنگی میں ہیوی مشینری داخل ہوتے ہی علاقہ مکینوں نے احتجاج شروع کردیا۔ انسداد تجاوزات عملے کے اعلیٰ افسران نے یقین دہانی کروائی کہ آپریشن صرف دکانوں کے خلاف کیا جارہا ہے جس پر مکین منتشر ہوگئے۔ کے ڈی اے اور کے ایم سی عملے نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے کورنگی ساڑھے 5نمبر سے ساڑھے 6نمبر تک تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔ اس دوران نالے کے اوپر بنی مزید 200سے زائد دکانوں کو مسمار کردیا گیا۔ انسداد تجاوزات عملے کے مطابق کورنگی نالے پر آپریشن بدھ کے روز مکمل کیا جانا تھا تاہم احتجاج کے باعث روک دیا گیا تھا۔ ڈائریکٹر کورنگی مسرت علی خان نے امت کو بتایا کہ ضلع کورنگی میں 500دکانیں نالے کے اوپر قائم تھیں جن کو مسمار کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد تجاوزات عملے نے کورنگی کی حدود میں کوئی گھر مسمار نہیں کیا ۔ دریں اثناانسداد تجاوزات عملے نے ایمپریس مارکیٹ کے اطراف کارروائی کرتے ہوئے ڈرائی فروٹ کے تمام اسٹالز ضبط کرلیے ۔ زیب النسامارکیٹ کے اطراف بھی کارروائی کی گئی جہاں فٹ پاتھ پر بنے لوہے کے پائپ نکال دیئے گئے ۔ مذکورہ پائپ دکانداروں کی جانب سے نصب کیئے گئے تھے ۔ آپریشن ڈائریکٹر انکروچمنٹ بشیر صدیقی، ڈپٹی ڈائریکٹر نعمان احمد سمیت علاقہ پولیس کی نگرانی میں کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل گلبرک ڈویژن یوسف پلازہ بلاک 16موسیٰ کالونی میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ مذکورہ آپریشن میں درجن سے زائد چبوترے اور دکانوں کے چھجے مسمار کیئے گئے ۔ آپریشن ڈپٹی ڈائریکٹر ریحان صدیقی،معین الدین محمود ،اسسٹنٹ کمشنر سمیت علاقہ پولیس کی نگرانی میں کیا گیا ۔ انسداد تجاوزات عملے نے ماڑی پور روڈ ٹرک اسٹینڈ اور ہاکس بے روڈ کے اطراف بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا تاہم دکانداروں نے احتجاج شروع کردیا ۔ سیکورٹی اداروں نے 4افراد کو گرفتار کرلیا۔

Comments (0)
Add Comment