حیدرآباد(بیورو رپورٹ)کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقے میں مبینہ طور پر زہریلی چپس کھانے سے 4 سالہ محمد عمر عرف ہمایوں کے دم توڑنے اور اس کی بہن علیزہ کی حالت خراب ہونے کے سلسلے میں کینٹ تھانہ پر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔30دسمبر کو جامشورو پاور ہاؤس کے افسر عبدالستار ملاح کی اہلیہ اپنے جڑواں کمسن بیٹے اور بیٹی کو تفریح کے لئے گیریژن کے ساتھ واقع تفریح گاہ سندباد میں لائے تھے جہاں مبینہ طور پر انہوں نے کوئی زہریلی چیز خرید کر کھائی جس سے ان کی حالت خراب ہو گئی اور انہیں آغا خان اسپتال جامشورو روڈ لے جایا گیا جہاں 4 سالہ محمد عمر عرف ہمایوں دم توڑ گیا جبکہ بچی علیزہ نازک حالت میں زیرعلاج تھی جہاں اب اس کی حالت بہتر ہے، واقعہ کے بعد پولیس نے تین فوڈ پوائنٹس Optp, Alpinio Gelato اور Zahra foodسیل کرکے تین ملازمین کو حراست میں لے لیا تھا۔کینٹ تھانہ پر جمعہ کو واقعہ کے حوالے سے سرکار کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے بچے محمد عمر عرف ہمایوں کے والد عبدالستار ملاح کو متعدد بار مقدمہ درج کرانے کے لئے کہا گیا لیکن انہوں نے انکار کر دیا جبکہ عبدالستار ملاح کے ویڈیو بیان کو ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ ان کی گاڑی سے چپس اور دیگر سامان بھی تحویل میں لے کر تجزئیے کے لئے لیبارٹری بھجوایا گیا ہے، قتل خطاءکی دفعہ کے تحت درج کئے گئے مقدمہ میں کینٹ پولیس نے کسی کو نامزد کرنے کے بجائے ایک شاپنگ سینٹر میں واقعہ دکان کا ذکر کیا ہے، مقدمہ کے اندراج کے بعد اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔