کوئٹہ (نمائندہ خصوصی )جمعیت علما ء اسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت میگا پروجیکٹس شروع کرنے کے بجائے قومی ادارے فروخت کر رہی ہے نے 100دن میں تبدیلی کہاں گئے مگر آغاز بھینسیں بیچنے اور اختتام انڈے ۔مرغی سے ہو ا۔ملک ایڈہاک ازم پر چلایا جا رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سینیٹر مولنا فیض محمد۔ ایم پی اے میر یونس عزیز زہری ، مفتی عبدلقادر شاہوانی، انجمن تاجران کے صدر حافظ حمید اللہ مینگل ، محمد صدیق مینگل، مولانا عنایت اللہ رودینی ،مولانا محمد قاسم ،مولانا عبداللطیف شاہ ودیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ قوم کو نوید سنائی گئی کہ سعودی عرب 3ارب ڈالر دے گا مگر سعودی حکومت نے واضح کر دیا کہ یہ رقم امانت ہے خرچ کرنے کیلئے نہیں ہے اسی طرح امارت سے بھی ڈھائی ارب ڈالر کی بات ہوئی ۔چین برادر ملک ہے اس کے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچائی گئی۔ ملک کو ایڈھاک ازم پر چلایا جا رہا ہے جس سے ملکی مسائل میں اضافہ ہوگا اور بحران شدید ہو جائے گا مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اگرحکمران ہوش کے ناخن لیں ورنہ خدا نخواستہ یہ ملک ایسی دلدل میں دھنس جائے گا جسے نکالنا بہت مشکل ہوگا ۔