اسلام آباد(امت نیوز) پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) کے زیر اہتمام پہلی قومی جونیئر انڈر 16، چوتھی جونیئر انڈر 18 اور 11ویں جونیئر انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپس (آج) ہفتہ سے 22 جنوری تک اسلام آباد میں کھیلی جائیں گی۔ پی بی ایس اے حکام نے کراچی میں پریس بریفنگ کے دوران رواں ماہ ہونے والی چار چیمپئن شپس کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت پہلی قومی جونیئر انڈر 16، انڈر 18 اور انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپس 5 سے 22 جنوری کے درمیان پاکستان سپورٹس بورڈ، سنوکر ہال اسلام آباد میں کھیلی جائیں گی، انڈر 16 چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 18 کھلاڑی شرکت کریں گے جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ سے دو کھلاڑی کوارٹر فائنلز تک رسائی حاصل کریں گے، کوالیفائنگ راؤنڈ بیسٹ آف فائیو، کوارٹر فائنلز، سیمی فائنلز اور فائنل بیسٹ آف سیون فریمز پر مشتمل ہو گا، فاتح کیوئسٹ روس میں شیڈول آئی بی ایس ایف ورلڈ چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز پائے گا، اسی طرح انڈر 18 چیمپئن شپ میں 33 کیوئسٹس ایکشن میں نظر آئیں گے۔