امارات سے 3 ارب ڈالر کا ادھار تیل ملنے کی امید

اسلام آباد(امت نیوز)پاکستان کو متحدہ عرب امارات سےتاخیری ادائیگیوں پر 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل ملنے کی امید ہے۔پٹرولیم ڈویژن ذرائع کے مطابق تیل فراہمی کی سہولت کا اعلان 6جنوری کو ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کے دورہ پاکستان کے دوران متوقع ہے۔پاکستان کو انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) سے بھی ایل این جی درآمد کیلئے تاخیری ادائیگیوں پر ڈیڑھ ارب ڈالر قرض ملنے کا امکان ہے۔پاکستان سالانہ ساڑھے 4ارب ڈالر تک ایل این جی درآمد کر رہا ہے۔ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے اشتراک حب بلوچستان میں5ارب ڈالر سے زائد لاگت سے پارکو کوسٹل ریفائنری کی تعمیر بھی شروع کی جارہی ہے۔اس سے قبل سعودی عرب بھی پاکستان کو تاخیری ادائیگیوں پر 3ارب ڈالر مالیت کا تیل فراہم کر رہا ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال متحدہ عرب امارات کے 2دورے کیے تھے جہاں انہوں نے اماراتی قیادت سے ملاقاتیں کیں تھیں۔ گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے اسٹیٹ بینک میں 3ارب ڈالر جمع کرانے کا اعلان کیا تھا اور اپنے بیان میں کہا تھا کہ 3ارب ڈالرز سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہوگی اور اس سے دو طرفہ تعلقات میں بھی بہتری آئے گی۔ابوظہبی فنڈ فار ڈیویلپمنٹ نے پاکستان کے 8ترقیاتی منصوبوں کو بھی مالی امداد فراہم کی ہے جس کی مجموعی مالیت 1.5ارب درہم ہے جن میں توانائی، صحت، تعلیم اور سڑکوں جیسے منصوبے شامل ہیں۔

Comments (0)
Add Comment