ن لیگ-شیخ رشیدکا ایک دوسرے کیخلاف قانونی جنگ کا اعلان

اسلام آباد/لاہور(نمائندہ امت -خبرایجنسیاں) ن لیگ اور وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے ایک دوسرے کے خلاف قانونی محاذکھولنے کا اعلان کردیاہے پنجاب کے سابق وزیر قانون اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے خلاف ریفرنس قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کو بھیجنے کا اعلان کردیا۔اپنے ایک ویڈیو بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ میں اسپیکر قومی اسمبلی کو شیخ رشید کے خلاف ریفرنس بھیج رہا ہوں اور ان سے استدعا کروں گا کہ یہ ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجیں۔رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا کہ شیخ رشید کے جدوجہد کے نام پر بنائے گئے ٹریننگ کیمپ کے ثبوت موجود ہیں، جسے انہوں نے جوئے کے اڈے کے طور پر چلایا اور اس طرح کشمیر کاز اور کشمیریوں سے غداری کی۔لیگی رہنما نے مزید الزام کیا کہ شیخ رشید اس ٹریننگ کیمپ کے ذریعے لوگوں سے بھتہ بھی لیتے رہے، انہوں نے تمام جائیداد جوئے، بھتے اور حرام کی کمائی سے بنائی اور حرام کی کمائی سے اپنے بھائیوں اور بھتیجوں کے نام پر کاروبار کیا’۔رانا ثناء اللہ کہنا تھا کہ شیخ رشید فطرتاً جھوٹا اور فراڈیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شیخ رشید نے وزارت میں پہلے بھی کرپشن کی اور اب بھی کرپشن کر رہے ہیں، اس معزز ایوان میں ان کا موجود ہونا ایوان کی توہین ہے۔ادھرمسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی عظمی زاہد بخاری نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے اثاثہ جات کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی۔ اس قراردادمیں کہاگیاہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپنی کاروباری زندگی کا آغاز جوا سے کیا تھا۔شیخ رشید کشمیری مجاہدین کو پناہ دینے کی آڑ میں جوا کرواتے رہے۔ یہ ایوان چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس حوالے سے فوری طور پر خصوصی جے آئی ٹی تشکیل دیں جو شیخ رشید کے اثاثہ جات کی چھان بین کرے کہ شیخ رشید نے کس طرح مال بنایا ہے۔دوسری جانب وزیرریلوے شیخ رشید نے شہبازشریف کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنائے جانے پر اپنی ہی اتحادی حکومت کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ فوجی عدالتوں کو دو سال کی ایکسٹینشن دیے جانے کا حامی ہوں کیونکہ فوجی عدالتوں نے زبردست کام کیاہے، کم از کم دو سال میں بہت سارے لوگوں کو پھانسیاں ہوئیں اور جیلوں میں گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 14 سال بعد پھر ریلوے میں وزیر آیا تو کرپشن کے کیسز وہیں پڑے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے شہبازشریف کا نام لیے بغیر کہا کہ میں تو ایک بندے کے پیچھے لگا ہوں، دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بٹھا دیا جائے تو وہاں احتساب نہیں ہوسکتا۔شیخ رشید نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے معاملے پر کہا کہ حکومت کا یہ فیصلہ قبول نہیں کہ ایک چور، وزرا اور سیکریٹریز کو بلائے، چور ڈاکو کسی کا احتساب نہیں کرسکتا، اس کے خلاف سپریم کورٹ جارہا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ووٹ کرپٹ لوگوں کو شکنجے میں لانے کے لیے ملا ہے، اگر ہماری ضرورت کرپٹ لوگوں کے ساتھ مل کر چلنے کی ہے تو یہ اچھی موو نہیں۔

Comments (0)
Add Comment