مقبوضہ کشمیر میں 4 نوجوانوں کی شہادت کیخلاف مکمل ہڑتال

لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ کشمیرکے پلوامہ ضلع میں بھارتی فوج کی طرف سے چار کشمیری نوجوانوں کی شہادت کیخلاف جمعہ کے دن مکمل ہڑتال رہی اور ہزاروں کشمیریوں نے پلوامہ ، شوپیاں، ترال اور دیگر علاقوں میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے ۔ پلوامہ میں مکمل ہڑتال رہی ۔ترال قصبے میں گلشن پورہ اور باٹا گنڈ کے علاقوں میں بھارتی فوج کی طرف سے نہتے مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے 12سے زائد نوجوان زخمی ہو گئے جن میں سے 6 کوپیلٹس لگے ہیں جنہیں ہسپتال داخل کروادیاگیا ۔آخری اطلاعات تک علاقے میں مظاہرین اور بھارتی فورسز اہلکاروں کے دوران جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا۔ بھارتی فورسز کی جانب سے ایک دن قبل شہید کئے گئے کشمیریوں توصیف احمد، عبدالشکوراحمد اور زبیر احمد بٹ کا تعلق پلوامہ کے مختلف علاقوں سے تھا۔ قابض انتظامیہ نے لوگوں کوتازہ ترین صورتحال کے بارے میں ایک دوسرے کو معلومات کی فراہمی سے روکنے کیلئے ترال اور اونتی پورہ کے علاقوں میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس معطل کر دی۔ترال اور اونتی پورہ کے علاقوں میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت معطل رہی۔ مختلف علاقوں سے لوگ جوق در جوق شہید نوجوانوں کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے انکے گھروں میں جا رہے ہیں۔ قابض انتظامیہ نے سری نگرسے بانیہال تک چلنے والی ریل سروس معطل کر دی ۔ شہید توصیف احمد اور شہید زبیر احمد کوان کے اپنے آبائی علاقے چرسو اونتی پورہ میں جبکہ شہید شکور احمد کو لاری بل ترال میں آزادی کے حق میں اور بھارت کیخلاف نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیا گیا۔ بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی کے باعث توصیف احمد اور زبیر احمد کی نماز جنازہ چار مرتبہ جبکہ شکور احمد شہید کی تین مرتبہ ادا کی گئی۔عینی شاہدین کے مطابق شہید شکور احمد کی نماز جنازہ کے موقع پرکشمیری مجاہدین نے ہوائی فائرنگ کر کے انہیں سلامی پیش کی۔

لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے جامع مسجد سری نگر کی بے حرمتی کے خلاف گزشتہ روز یومِ تقدّس منایاگیا۔اس دوران بھارتی فورسز نے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یٰسین ملک اور جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وزہ کو یوم تقدس کے پروگرام میں شرکت سے روکنے کیلئے بیج بہاڑہ کے علاقے پزل پورہ میں گرفتار کرلیا۔یٰسین ملک کو ان کے دفترپر چھاپہ مار کر حراست میں لیا گیا اور پھر انہیں کوٹھی باغ تھانہ میں نظربند کر دیا گیا۔ یومِ تقدس جامع مسجد سری نگر کی بے حرمتی کرنے کے خلاف منایا گیا،حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے مقبوضہ وادی میں جمعہ کو یومِ تقدس منانے کا اعلان کیا تھا۔بھارتی فورسز کی جانب سے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کو مظاہروں کی قیادت سے روکنے کے لیے ان کے دفتر سے گرفتارکیا گیا۔اس موقع پر احتجاجی مظاہرے بھی کئے۔ گرفتاری سے قبل گفتگو کرتے ہوئے یاسین ملک کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیری عوام کے استحصال کا نوٹس لینا چاہیے۔ جموں کشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار وازہ جامع مسجد سری نگر کی بے حرمتی کے خلاف منائے جانیوالے یوم تقدس کے پروگرام میں شرکت کیلئے جامع مسجد کی طرف جارہے تھے جب انہیں گرفتارکیا گیا۔ انہیں بعد ازاں پولیس چوکی کھنہ بل اسلام آباد(اننت ناگ) میں نظربند کردیاگیا۔

Comments (0)
Add Comment