لاہور(امت نیوز)پبلک اکائونٹس کمیٹی اور قائمہ کمیٹیوں کے معاملے پرپنجاب حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات سے قبل بیک ڈور رابطے شروع ہوگئے ۔اسمبلی کی کارروائی افہام و تفہیم کے ساتھ چلانے پر اتفاق کے لئے اپوزیشن اور حکومت نے کوششیں شروع کردی ہیں۔ اپوزیشن نے حکومت کو پیشکش کی ہے کہ 2 پبلک اکاؤنٹس کمیٹیوں میں سے ایک حکومت اور ایک اپوزیشن کے پاس ہو،حکومت کی جانب سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون کی سربراہی اپوزیشن لیڈر کو دی جائے۔ جبکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی 2 کی سربراہی حکومت کو دی جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے حکومت سے قائمہ کمیٹیوں کی تقسیم کا فارمولا بھی واضح کرنے کو کہا ہے کہ 36 قائمہ کمیٹیوں میں سے کس کس کی سربراہی اپوزیشن کو دی جائے گی۔ پنجاب اسمبلی کی کل 36 قائمہ کمیٹیوں میں سے 19 حکومت کو جبکہ 17اپوزیشن کو ملیں گی۔