بدین (نمائندہ امت) خود کو خفیہ ادارے کا میجر کہلوا کر شہری کو دھمکانے والا ملزم بدین میں گرفتار کر لیا گیا۔ جسے آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی میں ملزم نسیم جاوید بٹ کو بدین سے گرفتار کیا گیا ہے ۔ ملزم کے خلاف دادو کے رہائشی محمد ایوب پہنور نے شکایت کی تھی کہ اسے فون پر سنگین نتائج اور اغوا کی دھمکیاں دے رہا تھا اور خود کو خفیہ ادارے کا میجر بتاتا ہے۔ بدین پولیس نے شہری کی شکایت پر ملزم نسیم بٹ کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 419 اور 170 کے تحت مقدمہ نمبر 4/2019 درج کر کے ملزم کو حوالات میں بند کر دیا ہے ۔ جسے آج ریمانڈ کے لئے بدین کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پولیس کا ملزم کے حوالے سے بتانا ہے کہ نسیم بٹ شہریوں سے جھگڑے اور جعلسازی کی شکایت پر بدین تھانے کا متعدد بار مہمان رہا ہے ، جبکہ ایک بچی سے زیادتی کے الزم میں 8 ماہ تک جیل کی ہوا بھی کھا چکا ہے۔