لاڑکانہ (نمائندہ امت) لاڑکانہ شہر کے بھینس کالونی میں قائم سرکاری ڈسپنسری میں دوران علاج چار سالہ بچی خورشید کھاوڑ دم توڑگئی جبکہ ورثا نے ڈاکٹروں پر غفلت برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ اس موقع پر متوفی بچی خورشید کی والدہ حور خاتون نے صحافیوں کو بتایا کہ میری بچی بخار میں مبتلا تھی جسے علاقے کے سرکاری ڈسپینسری میں علاج معالجے کے لیے داخل کروایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دوران علاج زائد المیعاد ادویات دینے کے باعث بچی کی حالت بگڑی گئی اور وہ تڑپ تڑپ کر فوت ہوئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے غفلت برتنے والے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب متوفی بچی کی لاش ورثا گھر کے گئے جہاں لاش گھر پہنچے پر کہرام مچ گیا۔