کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے متحدہ رہنمائوں و کارکنوں کے خلاف ملک مخالف نعرے بازی ، دہشت گردی اور نجی ٹی وی پر حملے سے متعلق کیس میں تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت 26 جنوری تک ملتوی کردی ہے۔سماعت پر متحدہ کے عامر خان، فاروق ستار، قمر منصور، شاہد پاشا، 3 خواتین سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے، تاہم تفتیشی افسر پیش نہیں ہوسکے، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ساجد محبوب شیخ نے بتایا کہ تفتیشی افسر اسپتال میں داخل ہے، جس کے باعث پیش نہیں ہوسکتا۔خصوصی عدالت نے سابق صوبائی وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا و دیگر کے خلاف ہنگامہ آرائی اور کارسرکار میں مداخلت سے متعلق مقدمات کی سماعت سرکاری وکیل کی عدم حاضری کے باعث 2 فروری تک ملتوی کردی ہے۔سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ذوالفقار مرزا نے کہا کہ ہمارے خلاف تمام مقدمات جھوٹ پر مبنی ہیں۔دریں اثنا جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ضیاءالدین اسپتال میں شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں اور غیر ممنوعہ اشیا برآمدگی سے متعلق مقدمہ کی سماعت فاضل جج کی رخصت کے باعث 19 جنوری تک ملتوی کردی ہے۔