سکھر (نمائندہ امت) سیشن کورٹ کے احاطے میں مخالفین کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔ لاش اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے ملزم کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ سکھر کے احاطے میں زمین کے تکرار کی وجہ سے ملزم جیندل شاہ ولد علی بخش شاہ نے عدالت میں پیشی پر آنے والے صالح پٹ کے نواحی گاؤں کے مکین 32سالہ مصری شاہ ولد علی گلاب شاہ و دیگر پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں مصری شاہ و دیگر 2 نامعلوم افراد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر علاج کیلئے سول اسپتال منتقل کیا گیا ، تاہم دوران طبی امداد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مصری شاہ جاں بحق ہو گیا۔ جبکہ دیگر 2 افراد کی حالت بھی نازک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے جوابدار کو پستول سمیت گرفتار کر لیا ہے ۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ بتایا جاتا ہے اور دونوں کے درمیان کئی سال سے زمین کا تنازع چل رہاتھا ۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم اورضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا ہے۔ جبکہ ملزم کو اسلحے سمیت گرفتار کر کے لاک اپ کر دیا گیا۔