کراچی(اسٹاف رپورٹر)نارتھ ناظم آباد کے نجی اسپتال میں دوران علاج خاتون کی ہلاکت پر مشتعل ورثا نے احتجاج کیا اور اسپتال میں توڑ پھوڑ کی۔ورثا نے الزام لگایا کہ ڈاکٹر نے غلط انجکشن لگایا ہے۔تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب واقع نجی اسپتال میں دوران علاج 65 سالہ روشن آرا کا انتقال ہوگیا، جس کے بعد ورثا نے احتجاج کیا۔ورثا کا کہنا تھا کہ خاتون کو جمعے کی شام 4 بجے اسپتال لایا گیا اور اس کے بعد ان کی حالت کافی بہتر ہوگئی تھی، تاہم اسپتال انتظامیہ کی جانب سے ہفتے کی صبح لگائے گئے غلط انجکشن کے بعد ان کی حالت خراب ہوگئی اور وہ چل بسی،ورثا نے عملے کو زدو کوب کرتے ہوئے توڑ پھوڑ بھی کی۔اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس بھی اسپتال انتظامیہ کی حامی ہے ۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے ۔اس حوالے سے ورثا کو یقینی دہانی کرادی گئی۔