شدید برفباری سے ہزاروں سیاح گلیات میں پھنس گئے – رابطہ منقطع

راولپنڈی ؍مری؍ایبٹ آباد ؍سکردو ؍سوات (خبرنگار خصوصی؍ نمائندگان امت)بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے راستے بند ہوگئے،گلیات کا رابطہ دوسرے شہروں سے منقطع ہوگیا، ہزاروں سیاح پھنس گئے،پھسلن سے متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں،متعددکاایندھن ختم ہوگیا، شدید سردی میں کئی علاقوں میں بجلی اور گیس بھی غائب ہوگئی جبکہ ناجائز منافع خوروں نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دام بڑھا دیئےدوسری جانب شدید سردی سے بچے ،بوڑھے کھانسی ، نمونیا اور گردن توڑ بخار میں مبتلا ہونے لگے ۔ تفصیلات کےمطابق مری ،گلیات میں 2دن سے جاری برف باری کے بعد ایبٹ آباد میں بھی برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ملکہ کوہسار مری اور گلیات میں سال نو کی پہلی برفباری کے باعث گلیات میں سیاحوں کی سینکڑوں گاڑیاں پھنس کر رہ گئیں جبکہ مری میں پھسلن سے متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں ۔ تحصیل انتظامیہ مری سمیت تمام محکموں کی کارکردگی کا پول کھل گیا ،محکمہ ہائی وے کی طرف سے بروقت برف صاف نہ کئے جانے سے تما م شاہراؤں پر ٹریفک جام ہو کر رہ گئی اور سیاح فیملیاں شدید سردی میں پھنسی گاڑیوں میں ہی گھنٹوں محصور ہو کر رہ گئے جبکہ پھسلن کے باعث متعدد گاڑیاں ایک دوسرے میں جاٹکرائیں۔ ادھر مری کے اہم ترین سیاحتی مرکز مال روڈ پر جمی برف پر نمک پاشی نہ کئے جانے سے شدید پھسلن کے باعث سیاح اور فیملیاں گرتے رہے جبکہ مری کے دیہی علاقوں سے بجلی مکمل طور پر غائب ہے اور شہر میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے ۔برفبار ی سے لطف اندوز ہونے کیلئے سیاحوں کی بہت بڑی تعداد نے مری کارخ کرلیا ،ہزاروں گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں جبکہ لاکھوں سیاح پرا ئیویٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ میں یہاں پہنچے ۔سیاحوں کے مطابق ٹرانسپورٹرو ں نے بھی ان کو خوب لوٹا اور کوئی ان کو پوچھنے والا نظر نہیں آیا ۔ ادھر گلیات میں شدید برفباری کے دوران جی ڈی اے کی جانب سے سڑکوں سے برف صاف نہ کرنے کے باعث سڑکیں بند ہو کر رہ گئی ہیں جس سے مری گلیات اور ایبٹ آباد روڈ مکمل طور پر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہو چکا ہے اور گلیات کا دوسرے شہروں سے رابطہ کٹ کر رہ گیا ہے شدید برفباری کے باعث سیاح اور اْن کی سینکڑوں گاڑیاں بھی پھنس کر رہ گئی ہیں جس سے سیاح شدید مشکلات سے دو چار ہیں۔کئی گاڑیوں کاایندھن ختم ہوگیا۔ اب تک مری میں ایک فْٹ کے قریب جبکہ گلیات میں ڈیڑھ فٹ تک برف پڑچکی ہے ۔ادھرگلگت بلتستان بھر میں گزشتہ شام سے شروع ہونے والی برف باری ہےجس کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوکر رہ گئی ۔تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں کئی سالوں کے بعد برف باری شروع ہوئی ہے جس کے باعث پورے خطے نے سفید چادر اوڑھ لیا ہے 10سے بارہ گھنٹے مسلسل ہونے والی برف باری کے باعث معمولات زندگی مکمل طور پر مفلوج ہوکر رہ گئی ہے ۔ادھر بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث بالائی علاقوں کا شہروں سے زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو کررہ گئی ہے ،برف باری کے باعث مارکیٹیں ویران ہوگئے ہیں ، سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث پائپوں میں برف جم جانے کے باعث پینے کے پانی کا بحران پیدا ہوگیا ہے ۔ علاوہ ازیں مری میں برفباری کے ساتھ ہی گھروں میں گیس ہیٹر اور چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ،صارفین نےمحکمہ گیس کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ شہریوں نے گیس پریشر میں کمی کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ شدید سردی میں گیس بند ہونے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے خصوصاً لوئر بازار ،صدیق چوک ،پْرانا آٹا منڈی،شوالہ محلہ،منشی محلہ ،حاجی گلی سمیت اندورن شہر کے کئی علاقوں میں کم پریشر سے شدید برفباری اور سردی میں گیس ہیٹر اور چولہے نہ جل سکے ۔عوامی حلقوں نے سوئی گیس کے اعلیٰ حکام سے موسم سرما کی شدید سردی میں سوئی گیس کی فراہمی کویقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سوات میں شدید بارش اور برف باری کا سلسلہ ہفتہ کو دوسرے روز بھی جاری رہا پہاڑوں سمیت وادی مرغزار ،مالم جبہ ،میاندم اور کالام نے سفید چادر اوڑھ لی،بالائی علاقوں میں بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا ،مینگورہ شہر سمیت میدانی علاقوں میں دن بھر بارش اور بالائی تمام علاقوں میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔ مالم جبہ، میاندم، کالام، مرغزار، مدین، بحرین اور دیگر سیاحتی مقامات میں برف باری کی وجہ سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیاہے اوربالائی علاقوں میں بجلی اور مواصلات کانظام درہم برہم ہوگیا ہے جس سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ، مینگورہ شہر میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوا اور محکمہٴ موسمیات کے مطابق آج اتوار کو مینگورہ میں کم سے کم درجہٴ حرارت منفی دو سنٹی گریڈ رہنے کا امکان ہےمحکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید برفباری کی پیشن گوئی بھی کی ہے ۔سیاحوں کوصرف پیٹرول گاڑیوں میں مری آنے کی ہدایت کی گئی ہے،بڑی تعداد میں ملکہ کوہسار کا رخ کرنے پر سی ٹی او راولپنڈی محمد بن اشرف ٹریفک انتظامات کی نگرانی کےلیے خود مری پہنچ گئے اور شہر میں سیاحوں کی سہولت کیلیےٹریفک پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کرنے کے علاوہ سیاحوں کو پھنسنے کی صورت میں ہیلپ لائن 0519269200 پررابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ان کی مدد کی جاسکے ٹریفک پولیس کی جانب سے اور سیاحوں کےلیے خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں اور سیاحوں سے استدعا کی گئی ہے کہ سیاح صرف پیٹرول گاڑی پر ہی مری کا رخ کریں ،گاڑی میں ٹو چین بھی لازمی ساتھ رکھیں۔ سٹرک پر برف کی وجہ سے پھسلن کے سبب سیاحوں کو ٹائروں پر ٹو چین کا استعمال کرنے ‏سٹرک پرگاڑی کھڑی کرکےسیلفیاں بنانے سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ٹریفک متاثر نہ ہو‏اسکے علاوہ سیاحوں کو سڑک پر ڈبل لائن نہ بنانے،گاڑی کی بیٹری درست رکھنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

Comments (0)
Add Comment