گلبائی پل ۔صدرمیں گودام ۔دکان ۔کورنگی میں ہائی روف جل گئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) گلبائی پل ۔صدر میں گودام اور دکان میں آگ لگ گئی ۔کورنگی میں ہائی روف جل گئی ۔ تفصیلات کے مطابق ماڑی پور روڈ گلبائی پل کے قریب گودام میں آ گ لگنے سے لاکھوں کا گتا خاکستر ہو گیا، گودام میں کیمیکل کے ڈرم بھی پڑے تھے تاہم فائربریگیڈ کی بروقت کارروائی سے وہ آگ کی لپیٹ میں آنے سے بچ گئے سائٹ فائر اسٹیشن کے عملے کے مطابق ریلوے اراضی پر گتے کا بہت بڑا گودام ہے ، قریبی جھاڑیوں میں آگ لگنے سے جھاڑیوں کے قریب رکھےگتے کے بیشتر رول جل گئے آگ کی شدت بڑھنے پر انہوں نے سینٹر فون کر کے مزید فائر ٹینڈر طلب کئے جائے وقوعہ کا راستہ انتہائی دشوار تھا جس کے باعث ایک درجن سے زائد پائپ کے رول استعمال کرنا پڑے ۔ اگر بروقت کارروائی نہ کی جاتی تو آگ پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ۔دریں اثنا صدر کے علاقے عبداللہ ہارون روڈ پر کھلونوں کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ۔ اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کی دوگاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابوپایا ۔ ترجمان کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی مالک کے مطابق لاکھوں روپے کے کھولنے خاکستر ہوگئے۔کورنگی نمبر 6میں چلتی ہائی روف میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک شخص جھلس کر زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ہائی روف مکمل طورپر جل گئی ۔

Comments (0)
Add Comment