سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے سپاہی مکیش نے اپنے دو ساتھیوں پر فائرنگ کرکے خودکشی کرلی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں تعینات پیرا ملٹری فورس کے سپاہی مکیش نے اپنے دو ساتھیوں رنجیت تیواری اور جعفر الدین قریشی کو معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ کر کے زخمی کردیا۔زخمی سپاہیوں کو فوری طور پر ملٹری بیس 92 کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز ان کی زندگی بچانے میں کامیاب رہے تاہم اس دوران مکیش بابو نے بھی سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔گزشتہ برس کے آخری ہفتے میں بھارتی فوج کے ایک حوالدار نے معمولی تلخ کلامی پر دل برداشتہ ہو کر خود کو گولی مار کر ہلاک کرلیا تھا جب کہ اسی ماہ ایک سپاہی نے اپنے ساتھی کو آن ڈیوٹی گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔