لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں 25 سال قبل بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے 60افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے گزشتہ روز مکمل ہڑتال کی گئی ۔ اس دوران تمام دکانیں اورکاروباری مراکز بند جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔حالیہ دنوں میں بھارتی دہشت گردی کی وارداتوں کیخلاف مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے بھی کئے اور بھارتی فورسز کیخلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔ بھارتی فوج اور کشمیری مظاہرین کے مابین جھڑپیں بھی ہوئیں جن میں متعدد کشمیری زخمی ہو گئے۔شہداء کو خراج عقید ت پیش کرنے کیلئے ہڑتال کی کال بزرگ کشمیری قائد سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک کی جانب سے دی گئی۔ سوپور اور بارہمولہ کے دیگر علاقوں کی مساجد میں شہداء کیلئے خصوصی طور پر دعائیں کی گئیں۔مقامی کشمیریوں، سول سوسائٹی کے ارکان ،تاجروں اور دیگرشعبہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگ مزار شہداقبرستان میں جمع ہوئے اور 1993ء کے قتل عام کے متاثرین کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ بھارتی فوج نے 6جنوری 1993ء کوبدترین دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سوپور قصبے میں اندھا دھند فائرنگ کرکے 60سے زائد افراد کو شہید جبکہ رہائشی مکانات اور دکانوں سمیت 400سے زائد عمارتوں کو نذر آتش کر دیا تھا۔پلوامہ میں ترال کے گلشن پورہ علاقہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں 3کشمیریوں کے قتل کیخلاف گزشتہ روز بھی ترال، اونتی پورہ اور دیگر علاقوں میں مسلسل تیسرے دن مکمل ہڑتال رہی۔