لیاری میں ناقص سیوریج نظام کیخلاف یوسی چیئرمین کی زیرقیادت مظاہرہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)لیاری یوسی 8شاہ بیگ لین میں ناقص سیوریج نظام اور جگہ جگہ گندہ پانی جمع ہونے کے خلاف مکینوں نے یوسی چیئرمین حاجی عبدالمجید بلوچ کی قیادت میں پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔شرکا نے ’’یوسی کا سیوریج نظام کب ٹھیک ہوگا‘‘، ’’سیوریج نظام بحال کرو‘‘ ، ’’فنڈز کہاں خرچ ہوتے ہیں ‘‘ و دیگر نعروں پر مشتمل پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔حاجی عبدالمجید نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ کئی مہینوں سے شیخ مسجد کے سامنے سیوریج کا پانی تالاب کی صورت میں کھڑا ہے ، جس سے نمازیوں کو شدید اذیت کا سامنا ہے ۔اس کے علاوہ گنگو زار روڈ ، دبئی چوک ، عیدو لین ، پھول پتی لین ، بھنڈ محلہ و اطراف کے علاقوں میں بھی سیوریج کا پانی جمع ہے ۔انہوں نے کہا کہ پمپنگ اسٹیشنوں کی کارکردگی بھی ٹھیک نہیں۔ گاڑیاں بھی ہمیشہ خراب کھڑی رہتی ہیں۔بیشتر پمپنگ اسٹیشنوں میں لوڈشیڈنگ کے دوران جنریٹرز نہیں جلائے جاتے۔انہوں نے الزام لگایا کہ عملہ ڈیزل فروخت کرتا ہے۔دوسری جانب کنڈی مینوں کی بھی کمی ہے ۔یوسی 8ہی نہیں بلکہ لیاری کی تمام یوسیز ایسی صورتحال سے دوچار ہیں۔یوسی چیئرمین نے وزیراعلیٰ اور وزیر بلدیات سے اپیل کی ہے کہ وہ لیاری کا سیوریج نظام درست کرنے کے احکامات جاری کریں، بصورت ان کے دفتر کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment