کراچی (اسٹاف رپورٹر) گارڈن چڑیا گھر کے اطراف گرائی گئی دکانوں کے ملبے سے ٹریفک کی روانی متاثررہی ۔ جبکہ شارع فیصل پر بھی شہریوں کو گذشتہ روز ٹریفک جام کی اذیت سہنا پڑی۔ تفصیلات کے مطابق چڑیا گھر کے اطراف آپریشن میں گرائی گئی دکانوں کا ملبہ نہ ہٹائے جانے سے ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو گئی جس سے علاقہ مکین سخت اذیت میں مبتلا ہوگئے ، علاقہ مکینوں کے مطابق بلدیہ عظمیٰ نے دکانیں تو مسمار کردیں مگر ان کا ملبہ تاحال نہیں اٹھایا گیا جبکہ پولیس سڑکیں بھی بند کردیں اس دوران ٹریفک اہلکار بھی موقع سے غائب ہو گئے ہیں ۔ ادھر شارع فیصل پر بھی گذشتہ روز ٹریفک کی روانی متاثر رہی جس سے ریجنٹ پلازہ سے ایئر پورٹ کی جانب جانے اور آنے والی سڑک پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ۔ اس دوران کہیں بھی ٹریفک کی روانی بحال کرانے کے لئے کوئی ٹریفک اہلکار نظر نہیں آیا ۔شہری اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک کی روانی کو بحال کراتے رہے۔