العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے کیخلاف اپیل کی سماعت آج ہو گی

اسلام آباد ( کورٹ رپورٹر ) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کے خلاف سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی اپیل کی سماعت ( آج ) پیر کو کرے گا ۔ احتساب عدالت نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو سات سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں رجوع کیا ہے ۔ ایک متفرق درخواست میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے اپیل کے فیصلے تک ضمانت پر رہائی کی استدعا بھی کی ہے۔دریں اثناء اسلام آباد ہائی کورٹ میں آج پیر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے میں مقدمات کی سماعت کے لئے 3 ڈویژن اور 4 سنگل بنچ تشکیل دئیے گئے ہیں۔ ڈویژن بنچ عدالت عالیہ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ و جسٹس عامر فاروق ، چیف جسٹس اطہر من اللہ و جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس عامر فاروق و جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ہوں گے جبکہ سنگل بنچوں کی سربراہی اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ ، جسٹس عامر فاروق ، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس محسن اختر کیانی کریں گے۔

Comments (0)
Add Comment