سائبیرین ہوائیں آگئیں سردی بڑھنے کا امکان

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سائیبریا کی ہواؤں نے کراچی کا رخ کر لیا آئندہ دو روز میں سردی بڑھ جائے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پارہ 10سے12 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔قلات میں درجہ حرارت منفی 7تک پہنچ گیا۔ کوئٹہ منفی5، خضدارمنفی2 ، دالبندین منفی ایک جب کہ ژوب میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ملک بھر میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا ۔پنجاب، سندھ اور خیبرپختون کے بعض مقامات پر رات اور صبح کے اوقات میں دھند جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ادھربالائی علاقوں میں 5 فٹ تک برف پڑ چکی ہے، جس کے نتیجے میں راستے بندہوگئے اورسفر دشوار ہونے سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔سیاحتی مقام ناران میں 4 فٹ، جب کہ شوگران میں 3 فٹ تک برف پڑ چکی ہے، مالم جبہ میں ڈھائی فٹ اور اسکردو میں 4 سے 5 فٹ برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسکردو میں پارہ منفی 8 تک گر گیا، شہر کا دیگرعلاقوں سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا ہے۔ موٹر وے ایم ون پر شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ صفر ہوگئی، موٹر وے ایم ون پشاور سے رشکئی تک بند کر دی گئی ہے۔

Comments (0)
Add Comment