پشاور۔کابل(نمائندہ خصوصی۔مانیٹرنگ ڈیسک) شمالی افغانستان میں سونے کی کان بیٹھنے سے 30کان کن جاں بحق جبکہ 8زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق افغانستان کے شمالی صوبہ بدخشان کے ضلع کوہستان میں شدید برف باری کی وجہ سے سونے کی ایک کان بیٹھ گئی جس کے اندر کام کرنے والے تیس کان کن جاں بحق جبکہ آٹھ کو زخمی حالت میں نکالا گیا جنھیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔دریا میں 200فٹ گہری کان کے اندر گاؤں کے افراد سونے کی تلاش میں مصروف تھے اسی دوران کان کی دیواریں گرگئیں۔شہری دریا میں مشین کے ذریعے ایک بڑا گڑھا کھود رہے تھے، اسی دوران دیواریں گر گئیں جہاں درجنوں مزدور پھنس گئے۔صوبائی گورنر کے ترجمان نیک محمد نظری نے کان کنوں کو غیر پیشہ ورانہ مہارت کے حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ‘کم ازکم 7افراد جاں بحق اور 7زخمی ہوگئے ہیں’۔