مری(عارف سعید ) اتوارکومری میں سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی جس کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا، ٹریفک جام ہونے کے باعث میلوں لمبی قطاریں لگی رہیں، سیاحوں کو کئی گھنٹے ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں میں گزارنے پڑے بروقت برف صاف نہ کئے جانے اور نمک کا چھڑکاؤ نہ ہونے سے تمام معروف شاہراہوں پر تاحد نگاہ گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیاگیا برف میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے والوں کی چاندی ہوگئی ایک کلومیٹر تک گاڑی پہنچانے کے تین سے پانچ ہزار روپے وصول کئے گئے چین اور جیپ کے ذریعے گاڑیوں کو باندھ کر محفوظ مقام تک پہنچایاگیا اور اس مد میں ہزاروں روپے وصول کئے گئے ناقص انتظامات کے باعث سیاحوں کو ایسی مشکلات سے دوچار ہونا پڑا ۔ محکمہ ہائی وے کے پاس جدیدبھاری مشنری موجودہونے کے باوجود بروقت سڑکوں سے برف صاف کرنے میں ناکام کیمیکل کا چھڑکاؤ نہ ہونے اورپھسلن کے باعث ٹریفک کانظام درہم برہم ہوکررہ گیا ہرطرف سڑکوں پرگاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگی رہیں جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثرہوکررہ گئی مختلف پھسلن کے باعث متعدد گاڑیاں دن بھرپھنسی رہیں ،مری کے مصروف سیاحتی مرکز مال روڈ پر جمی برف پر نمک کا چھڑکاؤ نہ کئے جانے سے پھسلن سے کئی سیاح گرتے سنبھلتے رہے ۔برفبار ی سے لطف اندوز ہونے کیلئے سیاحوں کی بہت بڑی تعداد نے مری کارخ کیاہواہے اورسٹی ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ دو روز میں 48ہزارسے زائد گاڑیاں مری شہر میں داخل ہوئیں جبکہ سیاح رات گئے تک سڑکوں پرپھنسی گاڑیوں میں گزار تے رہے ۔
راولپنڈی (نمائندہ امت )ملکہ کوہسار مری میں رواں سال کی پہلی شدید برف باری کے دوران ٹریفک پولیس نے آن گراؤنڈ ہزاروں سیاحوں کو مدد اور رہنمائی فراہم کی سنوبائیکس کی مدد سے شدید برف باری کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہونے پر 2ہزار سے زائد سیاحوں کی گاڑیوں کو ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے دھکے لگا کر منزل مقصود تک پہنچایا بہت زیادہ سردی ہونے کی وجہ سے1540سے زائد سیاحوں کی گاڑیوں میں بیٹری کم زور اور سٹارٹنگ پرابلم ہونے پر گاڑیوں کو سٹارٹ کرنے میں مدد فراہم کی اسی طرح ٹائر پنکچر ہونے پر 132سے زائد سیاحوں کی ٹائر تبدیلی میں مدد فراہم کی ٹائروں پر ٹو چین نہ ہونے اور پریشانی کا سامنا ہونے پر 840سیاحوں کی مدد کی چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی محمد بن اشرف خود مری میں موجود رہے اور تمام ٹریفک انتظامات کی نگرانی کرتے رہے اس موقع پر سینئر ٹریفک آفیسر ایس پی تیمور خان بھی مری میں موجود رہے سی ٹی او محمد بن اشرف خود برف باری میں سیاحوں کی مدد اور رہنمائی فراہم کرتے رہے اس دوران ٹریفک پولیس کو بھی ٹریفک روانی اور سیاحوں کی مدد اور رہنمائی کے حوالے سے ہدایات جاری کیں راولپنڈی ٹریفک پولیس نے برف باری کے دوران سیاحوں کو ٹریفک سہولیات سے مستفید کرنے اور مدد رہنمائی فراہم کرنے کے حوالے سے ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کی تھی جنہوں نے لگاتار 36 گھنٹے سے زائد شدید برف باری میں ڈیوٹی سرانجام دی اس سلسلے میں سیاحوں کی معاونت کے لئے ٹریفک پولیس مری کی ہیلپ لائن 051.9269200پر خصوصی سکواڈ تعینات رہا جس پر سینکڑوں سیاحوں نے فون کالز کر کے ٹریفک پولیس کی خدمات حاصل کیں۔چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی محمد بن اشرف نے مری آنے والے سیاحوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاح مری آتے ہوئے اپنی گاڑی بہت احتیاط سے ڈرائیو کریں،غلط پارکنگ سے مکمل گریز کریں،سڑک پر گاڑی کھڑی کر کے سیلفیاں نہ بنائیں،ڈبل لائن ہر گز نہ بنائیں،جلد بازی نہ کریں تحمل سے ڈرائیونگ کریں،صرف پارکنگ ایریا میں گاڑی کھڑی کریں، ٹائروں میں ہوا کا پریشر کم رکھیں، اچھی اور میکنیکلی فٹ گاڑی پر ہی مری آئیں بیٹری کی کنڈیشن اچھی ہو تاکہ سخت سردی میں بھی گاڑی بآسانی سٹارٹ ہو جائے، انہوں نے کہا کہ اچھا اور ماہر ڈرائیور ہی گاڑی کو مری لے کر آئے ، دو طرفہ ٹریفک چلنے کی وجہ سے سیاح غلط پارکنگ نہ کریں، صرف پیٹرول پر ہی گاڑی کو مری لے کر آئیں انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے برف باری میں بھی سیاحوں کو بھر پور ٹریفک سہولیات فراہم کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ سیاحوں کو ٹریفک کی بہترین سفری سہولیات کے لئے ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے انہوں نے کہاکہ سیاح ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات پر عمل کریں تاکہ برف باری کے دوران سفری سہولیات کی فراہمی میں آسانی ہو۔