قلندرآباد/ایبٹ آباد ( نمائندگان امت) سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے 8 افراد کی جان لے لی مرنے والوں میں 4بچے بھی شامل ہیں تفصیلات واقعات کے مطابق قلندرآباد کے رہائشی محمد نوید ولد محمد مسکین اپنی اہلیہ اور تین معصوم بچوں کے ہمراہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کمرے میں ہیٹر جلا کر سو گئے اسی دوران گیس لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ہیٹر بجھ گیا بعد ازاں جب دوبارہ گیس آئی تو کمرے میں گیس بھر جانے کی وجہ سے تیس سالہ محمد نوید اس کی اہلیہ اور تین بچے حسن علی ، عبدالمعز علی اور احد علی جن کی عمریں چھ سے بارہ سال کے درمیان تھیں پانچوں موت کے منہ میں چلے گئے ۔ جب صبح دس بجے تک وہ اپنے کمرے سے نہ نکلے تو دیگر اہل خانہ کو تشویش لاحق ہوئی انہوں نے پہلے کمرے کے دروازے پر دستک دی ۔ دروازہ نہ کھلنے پر بعد ازاں انہوں نے دروازہ توڑ کر دیکھا تو اندر نوید اپنی اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ لقمہ اجل بن چکا تھا ۔ پانچ میتیں ایک ساتھ اٹھنے سے کہرام برپا ہو گیا ۔ علاقہ کی فضا سوگوار ہو گئی ۔ ایس ایچ او تھانہ مانگل آصف شہزاد اور ڈی ایس پی سرکل میر پور پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ۔ شام ساڑھے چار بجے پانچوں مرحومین کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ نماز جنازہ کے موقع پر بہت رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔ ہر شہری کی آنکھ نم تھی ۔ نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں عوام ، بلدیاتی نمائندوں ، اور دیگر تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔ مرحوم نوید کی قلندرآباد بازار میں مرغیوں کی دوکان تھی ۔ اور اس کا بڑا بھائی محمد نسیم قلندرآباد چکن ایسوسی ایشن کا سرپرست اعلیٰ تھا ۔ مرحوم اپنے بھائیوں کے ہمراہ اسی مکان میں رہتا تھا جہاں یہ سانحہ پیش آیا ۔ کمسن بچوں کی موت پر علاقہ بھر کی فضا سوگوار رہی ۔ دوسری جانب عوام میں محکمہ سوئی ناردرن گیس کے خلاف شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے جن کی نااہلی اور غفلت کے باعث اب تک متعدد انسانی جانوں کا ضیاع ہوچکا ہے اہلیان علاقہ کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ بے گناہ انسانوں کی موت کا مقدمہ سوئی ناردرن گیس حکام کیخلاف درج کیا جائے ۔ادھر ایبٹ آباد کے علاقہ گلشن اقبال میں گھر میں گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے میاں ،بیوی اوربچہ جاں بحق ہوگئے 2بچیوں کی حالت تشویشناک ہے۔اتوار کی رات گلشن اقبال میں محکمہ پی ٹی سی ایل کے ملازم افضال احمد کے گھر کے کمرے میں گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے افضال احمد، اس کی اہلیہ دانش افضال اورچار سالہ بچہ سالار احمد دم گھٹنے سے جاں بحق ہوئے۔گیس لیکج سے افضال احمد کی دو بچیاں بھی بے ہوش ہوگئیں ہیں۔