اسلام آباد(نمائندہ امت/مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان و متحدہ عرب امارات میں دفاعی، اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہو گیا ہے۔پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بھی کی جائے گی۔امارات وپاکستان میں آئل ریفائنری کے قیام کے معاملات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔تیل کی ادھار فراہمی پر بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔امارات ولی عہد محمد بن زید النہیان وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر اتوار کو مختصر دورہ پر پاکستان پہنچے تو نور خان ائیربیس پر ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔ان کے استقبال کیلئے وزیر اعظم عمران خان خود ایئر پورٹ پر موجود تھے جنہوں نے مہمان کو وزیر اعظم ہاؤس پہنچانے کیلئے مختص گاڑی خود ڈرائیو کی ۔وزیر اعظم ہاؤس پہنچنے پر امارات کے ولی عہد کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، فوج و فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔دونوں رہنماؤں میں ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جس میں پاکستان کی جانب سے وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی،اسد عمر،فواد چوہدری،شہریار آفریدی،سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے شرکت کی ۔دورے کے بعد ولی عہد شیخ محمد بن زید واپس وطن روانہ ہو گئے۔نور خان ایئر بیس پر پرنسپل انفارمیشن افسرنے امارات کے ولی عہد کو ان کے دورے کی یادگاری البم پیش کی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے شیخ محمد بن زاید النہیان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی ابوظہبی کے ولی عہد سے ملاقات میں پاک امارات تعلقات اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں ،افغانستان میں امن کیلئے مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔وزیراعظم نے انہیں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا اور 2019کو برداشت کا سال قرار دینے پر امارات کو مبارکباد دی۔انہوں نے توازن ادائیگی کیلئے3ارب ڈالر کی مدد دینے پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا ۔ وفود کی سطح پر مذاکرات میں فریقین نے دفاع و سلامتی کے شعبوں میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پاک امارات وزارتی کمیشن کا آئندہ ماہ ابوظہبی میں اجلاس ہوگا۔ ادھر وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ متحدہ عرب امارات 3ارب ڈالر کا پہلے ہی اعلان کر چکا ہے۔آج آئل ریفائنریوں پر بات فائنل ہو گئی ہے۔ باقی امور بھی فائنل ہو گئے ہیں۔موخر ادائیگیوں پر تیل فراہمی کیلئے بات جاری ہے۔ پاکستان میں عرب امارات کے سفارتخانہ کے جاری بیان کے مطابق امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے احکامات کی روشنی میں ابوظہبی ڈیولپمنٹ فنڈ کی مالی معاونت سے پاکستان میں 20کروڑ ڈالر لاگت کے 40ترقیاتی و انسانی ترقی کے منصوبوں پر عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ پاکستان میں امارات کے منصوبوں کے تیسرے مرحلے میں5 اہم شعبے شامل کئے گئے ہیں۔جن میں سڑکیں، پل، تعلیم، صحت، پانی کی فراہمی، زراعت، انسانی اور پولیو ویکسین مہم کا نفاذ شامل ہے۔