اسپورٹس بورڈ – فنڈز میں بے ضابطگیوں کے شواہد مٹانے کی کوششیں

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)پاکستان اسپورٹس بورڈ انتظامیہ کی جانب سے ادارے میں تزئین و آرائش کے نام پر خرچ کئے گئے کروڑوں روپے کے فنڈز کی تحقیقات کے اہم شواہد مٹانے کیلئے کوششیں کی جانے لگیں ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ریڈزون کے قریب واقع پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کی عالمی معیار کی اہم ترین عمارت’’جناح اسٹیڈیم ‘‘کے تہہ خانے میں پانی چھوڑے جانے کا انکشاف ہواہے ۔ذرائع کے مطابق ماہرین نے عمارت کی بنیادوں کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کرتے ہوئے اسکے گرنے کے خطرے کا خدشہ ظاہر کیا ہےاورعمارت گرنے کی صورت میں ازخود اہم شواہد ضائع ہوجائیں گے ۔ذرائع کے مطابق 9ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود پی ایس بی انتظامیہ کی جانب سےاہم ترین عمارت کے تہہ خانے سے دانستہ طور پر پانی کی نکاسی نہیں کی گئی حالانکہ انتظامیہ کو متعدد بار اس بارے میں مطلع بھی کیا گیا ۔جس کے سبب عمارت کو شدید نقصان پہنچاہے ۔جبکہ عمارت کے تہہ خانےکا دروازہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ تہہ خانے کو جانے والی سیڑھی بھی رنگ آلود ہوکر اپنی آب بیتی سناتی نظر آتی ہے۔اور ان کی خستہ حالی سے عمارت کی تزئین وآرائش پرقومی خزانے سے خرچ کئےگئےکے فنڈز کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ذرائع کے مطابق عمارت کی تزئین وآرائش کے نام پر اب تک قومی خزانے سے کروڑوں روپے خرچ کیے گئے ہیں اورترئین وآرائش کے دوران غیر معیاری میٹریل کے استعمال پرنیب کی جانب سے 10سالوں کے دوران دئیے گئے ٹھیکوں کی تفصیلات طلب کیے جانے کے بعد سے اس اہم ترین عمارت کے تہہ خانے میں پانی چھوڑا گیا ہے تاکہ عمارت کی گرنے پر قومی خزانے سےاس کی تزئین وآرائش پر کئے گئے کروڑوں روپے کے اخراجات کو چھپایا جاسکے ۔ذرائع کے مطابق تہہ خانے میں پانی کی موجودگی کی سبب عمارت کی بنیادوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور عمارت تقریبا ایک انچ بیٹھ چکی ہے۔تہہ خانے کے ساتھ ہی ٹھیکیدار کو جگہ فراہم کی گئی ہے۔

Comments (0)
Add Comment