میہڑ (نامہ نگار) میہڑ اور دادو سے 4 افراد اغوا ہو گئے ، مغویوں کے ورثا کی طرف سے احتجاج بھی کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق دادو ضلع میں 4 افراد اغوا اور کئی ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتیں ہو گئی ہیں، جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔اسی حوالے سے دادو شہر سے سعودی عرب سے آئے ہوئے 2سگے بھائی بھی ڈاکوؤں کی جال میں پھنس گئے ہیں ،اس سلسلے میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کو ضلعی ہیڈ کواٹرر دادو شہر سے ڈاکوؤں نے ایک سینیٹری دکان پر حملہ کرکے چند روز قبل سعودی عرب سے آئے ہوئے 2سگے بھائیوں نوجوان 20سالہ عبدالواحد لغاری اور 22سالہ عبدالعزیز لغاری کو اغوا کرکے لےگئے۔ مغوی کے بھائی احمد لغاری نے میڈیا کو بتایا کہ اس کے دونوں بھائی سعودی عرب سے لوٹے تھے اور دکان پر بیٹھے تھے تو ڈاکوؤں نے حملہ کرکے ان کو اغوا کرلیا ہے، جبکہ دادو شہر میں جوہی موڑ پر ڈاکوؤں نے دو سگے بھائیوں احمد نواز پہنور اور محبت پہنور کو یرغمال بناکر موٹر سائیکل اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے ، دوسری طرف ایس ایس پی دادو نے اغوا واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلع کے اندر ناکہ بندی کرنے کا حکم دے دیا ہے ، ادہر میہڑ سے ایک ہفتے کے دوران 2افراد مستری غلام محمد عرف معشوق کھوسو اور لڑکا سردار چانڈیو بھی مبینہ طور پر اغوا ہو چکے ہیں ، جبکہ ان کے ورثاء کی طرف سے قرآن پاک اٹھا کر احتجاج کیا جس کے بعد اتوار کی رات ڈاکو مغوی مستری غلام محمد عرف معشوق کھوسو کو ایک کار میں بٹھا کر گاؤں حاصل کھوسو روڈ پرنیم بیہوشی کی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے ہیں ،جبکہ میہڑ سمیت ضلع میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور ڈاکو راج کی وجہ سے شہری سخت پریشان ہیں۔ رات کے وقت لوگ ضلع میں سفر کرنے سے گریز کرتے ہیں اور رات ہوتے ہی گھروں تک محدود ہوجاتے ہیں ،شہریوں نے اعلیٰ حکام سے امن و امان بہتر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔