جنوبی افریقہ نے پاکستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے ہرادیا

کیپ ٹائون(امت نیوز) جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، میزبان ٹیم نے میچ کے چوتھے روز 41 رنز کا آسان ہدف دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، ڈین ایلگر 24 اور کپتان فاف ڈوپلیسی 3 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، محمد عباس نے ایک وکٹ لی۔ فاف ڈوپلیسی کو شاندار سنچری سکور کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اتوار کو کیپ ٹائون ٹیسٹ کے چوتھے روز جنوبی افریقن ٹیم 41 رنز کے ہدف کے تعاقب کیلئے جب میدان میں اتری تو دوسری اننگز میں 4 کے سکور پر اسے ڈی برائن کا نقصان برداشت کرنا پڑا جو 4 رنز بنانے کے بعد محمد عباس کی گیند کا نشانہ بنے، ہاشم آملہ 2 رنز بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، اس کے بعد ڈین ایلگر نے ڈوپلیسی کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح دلائی، ایلگر 24 اور ڈوپلیسی 3 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، محمد عباس نے ایک وکٹ لی۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 177 رنز بنا کر آئوٹ ہوئی تھی جس کے جواب میں پروٹیز ٹیم نے پہلی اننگز میں 431 رنز بنا کر 254 رنز کی برتری حاصل کی تھی، پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 294 رنز بنا کر آئوٹ ہوئی تھی ۔

Comments (0)
Add Comment