سڈنی(امت نیوز) بھارت کی چوتھے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ پر گرفت برقرار ہے، آسٹریلوی ٹیم کے سر پر اننگز کی شکست کا خطرہ منڈلا رہا ہے، میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 300 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا، کلدیپ یادیو نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، آسٹریلوی ٹیم نے چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 6 رنز بنا لئے تھے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 316 رنز درکار ہیں۔ اتوار کو سڈنی ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلوی ٹیم نے 236 رنز 6 کھلاری آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 300 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا، پیٹر ہینڈز کامب 37، پیٹ کمنز 25، نیتھن لیون صفر اور جوش ہیزلووڈ 21 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، مچل سٹارک 29 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، کلدیپ نے 5، محمد شامی اور روندرا جدیجا نے دو، دو جبکہ جسپریت بمرا نے ایک وکٹ لی۔ فالو آن کے بعد آسٹریلوی ٹیم نے چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک دوسری اننگز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان 6 رنز بنا لئے تھے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 316 رنز درکار ہیں۔