کراچی (امت نیوز) پی ایس ایل فور سے قبل نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی مکمل تزئین و آرائش پی سی بی کے لیے چیلنج بن گئی۔رواں سال اس وینیو کو پی ایس ایل کے 5 میچز کی میزبانی کرنا ہے لیکن ایک ماہ کے قلیل عرصہ میں تعمیر اور تزئین و آرائش کا کام مکمل کرنا ایک بہت بڑا چیلنج دکھائی دے رہا ہے۔ چیئرمین اور میڈیا باکسز سمیت کئی جگہوں پر توڑ پھوڑ ابھی تک نظر آرہی ہے، چھت پر فیبرک کی تنصیب ہونا باقی ہے۔ تزئین و آرائش کے لیے وقت کم بچا ہے، ملائیشیا سے فیبرک آچکا، اس کی تنصیب کے لیے آنے والے ملائشین ماہرین کی 7 یا 8 جنوری کو کراچی آمد متوقع ہے۔پروجیکٹ انجینئر ممتاز حسین نے بتایا کہ فریم ورک کا کام مکمل ہوچکا، جرمنی میں تیار کی جانے والی فیبرک ملائشیا میں سلائی کے بعد کراچی پہنچ چکی ہے، اگلے ہفتے ماہرین کی آمد کے بعد اس کی تنصیب شروع کردی جائے گی، فیبرک کی عمر 25 سال ہے، گرمی اور بارش میں مزاحمت کی جانچ کے لیے ٹیسٹ بھی ہو چکے ہیں۔
٭٭٭٭٭