دمشق(مانیٹرنگ ڈیسک) مشرقی شام کے علاقے دیرالزور میں 5 داعش دہشت گرد وں کو حراست میں لیا گیا ہے، جن میں 2 امریکی، 2 پاکستانی اور ایک آئرش شہری شامل ہے۔اسی علاقے میں داعش کے میزائل حملے میں 2 برطانوی فوجی زخمی ہوگئے، جب کہ امریکی حمایت یافتہ ملیشیا کا اہلکار مارا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی حمایت یافتہ ملیشیا’شامی جمہوری فورسز‘ نے داعش دہشت گردوں کو 30دسمبر کو ایک کارروائی کے دوران پکڑا تھا لیکن ان کے نام اور تصاویر اب سامنے لائی گئی ہیں۔گرفتار ہونے والے مبینہ پاکستانیوں کے نام 48سالہ فضل الرحمان اور 19سالہ عبدالعظیم راجپوت بتائے گئے ہیں۔ امریکی شہریوں میں ہیوسٹن کا رہائشی 34سالہ وارن کرسٹوفر کلارک المعروف ’ امریکی ابو محمد‘ جب کہ دوسراعرب نژاد زید عبدالحامد ہے جو ’امریکی ابو زید‘ کے نام سے جانا جاتا ہے پانچواں دہشت گرد آئرلینڈ کے شہر ڈبلن کا رہائشی الیگزینڈر روزمانووچ بیک مرزائیف ہے۔ یہ پانچوں جنگجو دریائے فرات پر شامی شہریوں پر حملے کی تیاری کر رہے تھے۔ دریں اثنا دیرالزور صوبے کے ایک گاؤں الشعفاہ میں متعین 2برطانوی فوجی اس وقت زخمی ہوگئے جب داعش کی جانب سے داغا گیا ایک میزائل وہاں آگرا۔واقعہ میں امریکی حمایت یافتہ ملیشیا کا اہلکار بھی ہلاک ہوا۔