سڈنی(امت نیوز) بھارتی کرکٹ ٹیم آسٹریلوی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی۔سڈنی ٹیسٹ کے آخری روز بارش کی وجہ سے ایک بھی گیند نہ پھینکی جاسکی۔ سڈنی ٹیسٹ ڈرا ہونے کی وجہ سے بھارتی ٹیم نے چار میچز پر مشتمل یہ سیریز دو ایک سے اپنے نام کر لی۔سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھارت نے پہلی اننگز 7وکٹوں پر 622رنز بنا کر ڈیکلیر کر دی تھی جواب میں میزبان ٹیم 300رنز بناسکی۔ فالو آن کے بعد چوتھے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلوی ٹیم نے 6رنز بنائے تھے۔ پانچویں روز وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، اس طرح سڈنی ٹیسٹ بغیر ہار جیت کے ختم ہوا۔بھارت نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ اور میلبورن ٹیسٹ میں فتح پائی جبکہ پرتھ ٹیسٹ میزبان ٹیم کے نام رہا۔ 72برسوں میں بھارتی ٹیم پہلی ایشیائی ٹیم ہے جس نے آسٹریلوی سرزمین پر سیریز اپنے نام کی ہے۔ غیر معمولی کارکردگی پر چیتیسور پجارا کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کو بہت بڑا کارنامہ قراردیا اور کہا کہ اس سیریز میں جیت سے بھارتی ٹیم کو ایک نئی پہچان ملی ہے۔ گھر کے شیر ہونے کا تاثر بھی اب بدل جائے گا۔