کرپشن ریفرنس میں رئوف اختر فاروقی کو پیش کرنے کا حکم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت نے سابق وفاقی وزیر بابر غوری و دیگر کے خلاف پونے 3 ارب روپے سے زائد کی کرپشن سے متعلق ریفرنس میں ایک بارپھرملزم سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئےہیں۔عدالت نے رؤف اختر فاروقی کو21 جنوری تک پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ پیرکے روز احتساب عدالت نے ملزم کی ہائی کورٹ سےضمانت مسترد ہونے اور سماعت پر غیر حاضری کے باعث ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔سندھ ہائیکورٹ نے رؤف اختر فاروقی کی ضمانت اس ریفرنس میں مسترد کردی تھی۔ اس سے قبل گزشہ سماعت پر عدالت نے بابر غوری سمیت تین ملزمان کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حکم دیا تھا۔ نیب کے مطابق 2010اور2011میں وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابرغوری کی ہدایت پرملزمان نے بھرتیوں میں کے پی ٹی کے قوانین کی خلاف ورزی کی۔یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو اشتہارات کے بغیر بڑے پیمانے پربھرتیاں کی گئیں اور ملزمان نے بڑی تعداد میں جرائم پیشہ افراد کو بھرتی کیا۔ غیر قانونی بھرتیوں سے قومی خزانے کو دو ارب 85کروڑ، 58لاکھ، 17ہزار روپے سے کا نقصان ہوا ہے۔ علاوہ ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے متحدہ رہنماؤں کے خلاف لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کیخلاف ورزی سے متعلق کیس میں آئندہ سماعت پر گواہوں کو پیش کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ پیر کے روز جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں ایم کیو ایم رہنماؤں کیخلاف لائوڈ اسپیکر ایکٹ کیخلاف ورزی کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے سماعت 23 جنوری تک ملتوی کردی۔ سولجر بازار میں قائم لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کے مقدمے میں فاروق ستار، مئیر کراچی و دیگر پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر کیخلاف مقدمہ سولجر بازار تھانہ میں درج ہے۔ دوسری جانب سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ علی رضا عابدی کی ہلاکت نے خوف و ہراس پیدا کیا۔ ہمیں قانون نافذ کرنے والے ادارے آنے جانے سے منع کرتے ہیں۔ فاروق ستار نے کہا کہ سیاسی لیڈر گھر میں کیسے بیٹھ سکتا ہے۔

Comments (0)
Add Comment