پشاور (نمائندہ امت ) پشاور کے علاقہ نوتھیہ میں دیرینہ دشمنی کی بناء پر ہائی کورٹ کے سینئر وکیل نیازمین شاہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، واقعے کے بعد مقتول کے لواحقین نے مشتعل ہوکرمبینہ ملزمان کے گھر پر دھاوا بول دیا اورتوڑ پھوڑ کے بعد مکان کو نذر آتش کردیا، ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں نے آگ پر قابو پالیا جبکہ علاقے میں کشیدگی کو مد نظر رکھتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔پولیس کے مطابق پیر کے روز پشاور ہائی کورٹ کے سینئر وکیل نیازمین شاہ ولد صالح شاہ سودا سلف خریدنے کیلئے نوتھیہ بازار آئے ہوئے تھے کہ اس دوران مخالفین نے بھرے بازار میں اُن پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے، واقعے کے بعد مقتول کے لواحقین نے مشتعل ہوکر کوٹلہ محسن خان میں واقع مبینہ ملزمان کے گھر پر دھاوا بول دیا اور وہاں توڑ پھوڑ کرنے کے بعد مکان کو نذر آتش کردیا واقعے کی ایف آئی آر رات گئے تک درج نہیں ہوسکی تھی۔دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے وکیل نیازمین شاہ کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے قاتلوں کو جلد ازجلد گرفتار ہونے کا حکم دیا ہے ۔وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کوٹلہ محسن خان عثمان آباد میں گھر پر آگ لگانے والے ملزمان کے خلاف بھی حرکت میں آنے کی ہدایت کی ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے پولیس حکام سے اس واقعہ کی مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب سینئر وکیل نیاز مین شاہ کے قتل کیخلاف پشاور ہائی کورٹ بار نے ہڑتال کا اعلان کردیا ہے ۔وکلاء آج صوبہ بھر کی عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔پشاور ہائی کورٹ بار نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وکلاء برادری کو مکمل تحفظ فراہم کرے ۔