درہ آدم خیل میں اغوا 14کان کن بازیاب

کوہاٹ(بیورو رپورٹ)قبائلی سب ڈویژن دره آدم خيل کے علاقے زرغونخیل میں حافظ کول کمپنی کی کان سے اغواء ہونے والے تمام 14 کان کنوں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق اغواء کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز نے درہ آدم خیل کے اطراف میں پہاڑوں کے راستوں کو سیل کر لیا تھا۔اغواء کار مغویوں کو درہ اور خیبر کے سرحدی پہاڑی علاقے ڈونگے میں چھوڑ کر فرار ہو گئے تھےجس مقام پر مغویوں کو رات کو رکھا گیا تھا وہاں سے دستی بم پستول اور کئی ماسک ملے ہیں۔ اغواء ہونے والے کان کنوں کا تعلق ضلع شانگلہ اور درہ آدم خیل سے تھا۔ذرائع کے مطابق اغواءکاروں سے دو مزدور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلے ہی فرار ہو کر واپس اپنے کان پر پہنچ گئے تھے۔ جنہوں نے فورسز کو اغواء کاروں کے ٹھکانے کی نشاندہی کی تھی۔ذرائع کے مطابق درہ آدم خیل میں کوئلے کی کان پر کافی عرصہ سے دو گروپوں میں تنازعہ چلا آرہا ہے۔

Comments (0)
Add Comment