اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرمملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی کا کہنا ہے کہ منشیات کیس میں بھتیجے کے خلاف ایف آئی آر اورگرفتاری پولیس کو سیاسی اثر و رسوخ سے پاک کرنے کی عملی مثال ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کے بھتیجے طلال نادر آفریدی کی گاڑی سے پولیس نے آدھا کلو چرس برآمد کی، اور گرفتار کرکے ایف آئی آر درج کرلی گئی، بھتیجے کی گرفتاری کی خبر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ وزیر کا رشتہ دار ہونے کی وجہ سے کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہوجاتا۔شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر وزیر کا رشتے دار ہے تو ایف آئی آر خارج بھی ہوسکتی تھی، لیکن یہ معاملہ قانون کی سب سے بڑی کامیابی کی نشانی اور پولیس کو سیاسی اثر و رسوخ سے پاک کرنے کی بھی عملی مثال ہے۔