اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے جے آئی ٹی کی ساکھ ختم ہو گئی۔ بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہے تھے کہ جے آئی ٹی سیاسی ہے اور سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے سے جے آئی ٹی کی ساکھ بھی ختم ہوگئی، عدالت عظمی نے بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ کے نام جے آئی ٹی میں آنے کو بدنیتی قرار دیا ہے۔سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ وفاقی کابینہ بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل پر ڈالنے پر معافی مانگے اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا استعفی مانگنے والے اب خود مستعفی ہوں، آج جے آئی ٹی کے سیاسی اور جانبدار ہونے پر مہر لگ گئی ہے، ثابت ہو گیا کہ جے آئی ٹی نے حقائق پر نہیں بلکہ سیاسی دباؤ پر رپورٹ مرتب کی، سپریم کورٹ کے حکم سے پیپلز پارٹی کے موقف کی تائید ہوئی ہے۔