کابل (مانیٹرنگ ڈیسک ) افغانستان میں بارودی ہتھیار کو ناکارہ بنانے کی کوشش میں دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے پکتیکا کی مصروف مارکیٹ سے ایک بارودی ہتھیار ملا جسے مقامی افراد نے ناکارہ بنانے کی کوشش کی تاہم اس دوران بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔دھماکے کے نتیجے میں 2بچوں سمیت 6افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ 10سے زائد زخمی ہیں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ 3زخمیوں کی حالت نازک ہے جنہیں کابل کے جدید اسپتال لے جایا جارہا ہے۔صوبے پکتیکا کے پولیس ترجمان شاہ محمود آریان کا کہنا ہے کہ علاقہ مکینوں نے بارودی ہتھیار ملنے پر پولیس کو اطلاع دینے کے بجائے اسی جگہ درجنوں افراد کی موجودگی میں خود ہی ناکارہ بنانے کی کوشش کی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ برس 22ستمبر کو صوبے فاریاب میں بچے کھلونا بم سے کھیل رہے تھے کہ زوردار دھماکا ہو گیا جس کے نتیجے میں 8بچے جاں بحق اور 5زخمی ہوگئے تھے۔ دو بچوں کی ٹانگیں کاٹنا پڑی تھیں۔