اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت صنعت کو اسٹیل ملز کی بحالی کے پیکج پر جلد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے دوران کاٹن کی درآمد، پاکستان مشین ٹول فیکٹری کی بحالی سمیت کئی اہم امور پر غور کیا گیا۔ای سی سی اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ وزارت صنعت و پیداوار اسٹیل ملز کی بحالی کے لئے منصوبہ بندی جلد مکمل کرے۔اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے کاٹن کی درآمد پر سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی کی تفصیلات بھی طلب کرلیں اور کہا ہے کہ کپاس کی درآمد پر سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی ہٹانے سے ریونیو میں ہونے والی کمی سے متعلق معلومات سے متعلق بھی مطلع کیا جائے۔