کراچی (اسٹاف رپوٹر ) مین نیشنل ہائی وے، گرین سٹی کے مقام پر حادثات کے باوجود پیڈسٹیرین برج تعمیر نہ کرنے کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے قومی شاہراہ ٹریفک کے لئے بند کر دی ،جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ، شاہ لطیف ٹائون کے علاقے میں قذافی ٹائون کے مکینوں کی بڑی تعداد نے مظاہرہ کیا ،شرکا نے بتایا کہ مذکورہ مقام پر کوئی پیڈسٹرن برج نہیں ہے جس کی وجہ سے شہری اپنی جانوں پر کھیل کر شاہراہ عبور کرتے ہیں اور اس دوران کئی افراد حادثات میں جاں بحق ہو چکے ہیں، علاقہ مکینوں کی جانب سے سے گزشتہ دو سال سے ملیر انتظامیہ ،مئیر کراچی ،کمشنر کراچی سمیت متعلقہ اداروں کو گرین سٹی کے سامنے پیڈسٹرن برج تعمیر کرنے کی تحریری درخواستیں جمع کرائی جا رہی ہیں ، لیکن متعلقہ داروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ،مظاہرین نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل شادی کی تقریب میں شرکت کرنے والی خواتین یہاں حادثے کا شکار ہوئیں، ایک نوجوان بھی جاں بحق ہوا، اس کے علاوہ یہاں ٹریفک حادثات معمول بن گئے ہیں ، احتجاج میں شامل علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ اتوار گرین پاک سٹی کے سامنے احتجاجی کیمپ بھی لگایا گیا تھا، بعدازاں پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کیے تھے جس کے بعد احتجاجی کیمپ پرامن طور پر ختم کردیا تھا ،پولیس نے قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا ہے۔