ڈار کی برطانیہ سے واپسی کیلئے کارروائی شروع

اسلام آباد(نمائندہ امت)قومی احتساب بیورو (نیب) نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار کو برطانیہ سے واپس لانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔سپریم کورٹ میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اسحاق ڈار ابھی تک واپس نہیں آئے، نیب ابھی تک انہیں واپس نہیں لا سکا؟۔نیب کے وکیل جہانزیب بھروانہ نے جواب دیا کہ اسحاق ڈار کی واپسی کے لیے ایکسٹراڈیشن (بیرون ملک سے مجرم کی واپسی) کا عمل شروع کردیا ہے، ان کی جائیداد بھی ضبط کر لی گئی ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ جائیداد ضبط کرنے کے معاملے کو تو دو ماہ گزر چکے ہیں، واپس لانے کے لیے بظاہر لگتا ہے خط و کتابت ہو رہی ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ اسحاق ڈار کی واپسی کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، معلوم نہیں وہ کب تک وہاں بیٹھے رہیں گے، تاحال کچھ نہیں ہوا،صرف لیٹربازی جاری ہے،کیا پی ٹی وی کیس میں اسحاق ڈار، پرویز رشید اور عطاء الحق قاسمی سے ریکوری ہوئی۔پرنسپل انفارمیشن آفیسر نے کہا کہ ریکوری کی میعاد دو ماہ ہوتی ہے جو ابھی تک ختم نہیں ہوئی۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ نیب نے اسحاق ڈار کی واپسی کے لئے سوالنامہ بھجوا دیا ہے،کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، اب برطانیہ سے جواب کا انتظار ہے۔ سماعت ایک ماہ تک ملتوی کردی گئی۔

Comments (0)
Add Comment