اسلام آباد (اے پی پی) وزارت مذہبی امور نے نئی حج پالیسی کے مسودے کو حتمی شکل دے دی ہے جس کا باقاعدہ اعلان وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے آئندہ حج پیکج ایک لاکھ روپے تک مہنگا ہونے کا خدشہ ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور نے نئی حج پالیسی کو حتمی شکل دے دی ہے جسے آئندہ ہفتے دوران وفاقی کابینہ کو منظوری کے لئے بھجوائے جانے کا امکان ہے ۔ رواں سال ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کے اثرات زندگی کے دیگر شعبوں پر پڑے ہیں اسی طرح حج پیکج بھی متاثر ہوگا اور توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ حج پیکیج گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک لاکھ روپے سے زائد مہنگا ہوگا تاہم وزارت مذہبی امور اس سلسلے میں سعودی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور پاکستانی حاجیوں کے لئے زیادہ سے زیادہ ریلیف حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔