لاہور(خبرایجنسیاں) پنجاب میں میٹروبس پرسبسڈی جاری رکھنے کا فیصلہ کیاگیاہے،محصولات کے متبادل ذرائع تلاش کیے جائیں گے،صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ منی بجٹ وفاق لا رہا ہے، پنجاب میں اثرات آئیں گے تو دیکھیں گے، اس وقت وفاقی و صوبائی حکومت دونوں معاشی استحکام اور غربت کے خاتمے کے لیے اسلامک مائیکرو فنانسنگ کو فروغ دے رہی ہیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان معیشت کو بہتر کرنے کیلئے اسلامک مائیکرو فنانس کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی میٹرو بس سروس کے آپریشنل اسٹریکچر کے ساتھ فنانشل اسٹریکچر بھی تیار کرے،حکومت پر اضافی بوجھ ڈالنا چاہتے ہیں اور نہ عوام پربوجھ بڑھانا چاہتے ہیں ، میٹرو بس بھی چلے گی اور سبسڈی بھی جاری رکھی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اخوت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام تیسری اسلامک مائیکرو فنانس کانفرنس کے ابتدائی سیشن سے خطاب ،میڈیا سے گفتگو اور میٹرو بس سروسز پر سبسڈی کی ریشنلائزیشن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔