ڈاکس میں لڑکی جائیداد کیلئے قتل ہوئی – والدہ بہن بھی ماری جاچکیں

کراچی(رپورٹ: خالد سلمان)ڈاکس کے علاقے میں جائیداد ہتھیانے کے لئے بہنوئی نے سالی کو قتل کیا۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی بہن اور والدہ کا قتل بھی اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔شیر بانو ، بڑی بہن کلثوم کے لاہور جانے کے باعث بچوں کی دیکھ بھال کے لئے ان کے گھر پر رکی ہوئی تھی۔واقعہ سے ایک روز قبل لڑکی نے بچوں کو اسکول بھیجتے ہوئے واپسی پر نانی کے گھر جانے کا کہا تھا۔پولیس نے گرفتار ملزم کے ساتھی کی تلاش شروع کردی۔واضح رہے کہ 5 جنوری کی صبح ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی کے ایک خالی مکان سے 18 سالہ شیر بانو دختر فضل کریم کی لاش ملی تھی،جسے گلا دباکر قتل کیا گیا تھا۔واقعہ کا مقدمہ مقتولہ کے والد فضل کریم کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، جس میں انہوں نے اپنے داماد اکمل کو نامزد کرایا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ واقعہ سے کچھ روز قبل شیر بانو کی بڑی بہن کلثوم کسی کام سے لاہور گئی ہوئی تھی، جس کے بعد شیربانو بچوں کی دیکھ بحال کے لئے بہن کے گھر پر رکی ہوئی تھی۔ذرائع کے مطابق واقعہ سے ایک روز قبل مقتولہ نے بچوں کو اسکول بھیجتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اسکول سے واپسی پر نانی کے ہاں چلے جائیں، تاہم بچے جب اسکول سے واپس آئے تو خالہ کو گھر نہ پاکر اپنے والد ملزم اکمل سے پوچھا، جس پر ملزم اکمل نے کہا کہ تمہاری خالہ کے گلے میں تکلیف تھی۔وہ اپنے گھر چلی گئیں۔دوسری طرف ابتدائی طور پر ملزم اکمل نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ شیربانو ہفتہ کے روز سے لاپتہ تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولہ کا والد اکثر کھانا اپنے داماد ملزم اکمل کے گھر پر کھاتا تھا۔واقعہ کی صبح بھی مقتولہ کے والد فضل کریم نے اپنے داماد اکمل کو ناشتے کے لئے فون کیا، تو ملزم اکمل نے کہا کہ آج ناشتہ نہیں بنایا۔ذرائع کے مطابق ملزم اکمل پہلے فشری میں مزدوری کرتا تھا اور کافی عرصہ سے بے روزگار تھا، جبکہ ملزم اکمل کے سسر فضل کریم کے بلدیہ گلشن غازی میں 4 پلاٹس ہیں، جن کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے، تاہم ملزم اپنی بیوی کلثوم پر متعدد بار والدین سے اپنا حصہ لینے کے لئے دبائو ڈالتا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق شیر بانو سے قبل 2016 میں مقتولہ کی والدہ حاجرہ اور 2017 میں اس کی بہن ریما کا قتل ہوا تھا، جن کے ملزمان تاحال پولیس پکڑنے میں ناکام ہے ۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی بہن اور والدہ کا قتل بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔مقتولہ شیر بانو 5 بھائیوں اور 4 بہنوں میں آٹھویں نمبر پر تھی۔‘‘امت ’’کو تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ شیربانو کا بہنوئی اکمل اور اس کا ایک رشتہ دار گڈو اب تک 4 افراد کو قتل کرچکے ہیں۔پولیس نے گڈو کی تلاش شروع کردی ہے ۔تفتیشی ذرائع کے مطابق جس مکان سے مقتولہ کی لاش ملی۔وہ مظہر نامی شخص کا ہے جو کافی عرصے سے بند پڑا ہوا تھا، جبکہ جس گلی میں مذکورہ مکان ہے۔اس گلی میں 5 سے 6 گھر ہیں، جن میں 2 ، 3 گھر خالی ہیں،جس کے باعث گلی میں سناٹا ہوتا ہے۔

Comments (0)
Add Comment