لانڈھی کی 2 یوسیز میں ابلتے گٹر مکینوں کیلئے عذاب بن گئے

کراچی ( رپورٹ :خالد زمان تنولی )لانڈھی کی 2 یو سیز مسلم آبادکالونی ،مظفرآباد کالونی میں ابلتے گٹر مکینوں کیلئے عذاب بن گئے ۔ گندگی کے باعث امراض پھیلنے لگے ۔تفصیلات کے مطابق لانڈھی کی 2 یوسیز مظفر آباد کالونی اور مسلم آباد کالونی مسائل کا گڑ ھ بن چکی ہیں ۔ دونوں یو سیزمیں ابلتے گٹروں نےعلاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی ۔مختلف علاقوں مسلم آباد مدینہ مسجد والی گلی، مصالحہ والی گلی ، مہران ہائی وے ، گل احمد چورنگی اور ریڑھی روڈ مجید کالونی کی گلیوں میں گٹروں کے ڈھکن تک غائب ہونے کی وجہ سے آئے روز کمسن بچے اور موٹر سائیکل سوار گٹروں میں گرنے سے زخمی ہو چکے ہیں ۔علاقہ مکینوں نے گٹروں پر ڈھکن نہ ہونے کی وجہ سے بانس اور لکڑی کی پیٹیاں رکھ دی ہیں ۔ ‘‘امت ’’سروے میں مکینوں نے بتایا کہ بلدیاتی نمائندوں نے مذکورہ علاقوں میں کوئی ترقیاتی کام ابھی تک نہیں کرائے ، سیاسی اثرورسوخ پر صرف انہی گلیوں میں تھوڑا بہت کام ہوا ہے جن میں سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں کی رہائش ہے ، جبکہ مذکورہ یو سیز کے 80فیصد علاقے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا گیا ۔ مسلم آباد کالونی پرانی پولیس چوکی سے ضیاءلااسلام اسکول تک سیوریج لائن کے مین ہولوں کے ڈھکن گلی سے 15انچ اوپر رکھےگئے ہیں جن کی وجہ سے کوئی گاڑی گلی میں داخل نہیں ہوسکتی ، علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ ترقیاتی کام عوام کو سہولت کے لئے کئے جاتے ہیں ، لیکن بلدیاتی نمائندوں نے سیکڑوں گھرانوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے ، ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولینس تک گلی میں داخل نہیں ہو سکتی ، مریض کو چارپائی پر اٹھا کر ایمبولینس تک لانا پڑتا ہے ۔ بلدیاتی نمائندوں کی نااہلی کے باعث علاقے کی گلیوں کی خستہ حالت کی وجہ سے رکشہ ،ٹیکسی والے بھی جانے کو تیار نہیں ہوتے ، جبکہ مسلم آباد کالونی کے علاقے ریڑھی روڈ جامعہ مسجد صدیقیہ کے پاس سال بھر سیوریج کا گندا پانی جمع رہتا ہے ، جس کی وجہ سے نمازیوں سمیت وہاں سے گزرنے والے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سروے میں دیکھا گیا کہ ریڑھی روڈ کی سڑک بھی تباہ ہو چکی ہے ،سڑک پر گہرے گڑھوں میں نالے کا گندا پانی دکانداروں کے لئے اذیت کا باعث ہے ۔ رہائشیوں نے بتایا کہ کئی بار نالے کا پانی مسجد میں داخل ہو چکا ہے ۔ یہاں تک کہ مسجد کے ٹینک میں بھی سیوریج کا گندا پانی بھر چکا ہے ، یوسی چیئرمین کو متعدد باد درخواستیں دیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی ۔ یو سی مظفرباد کالونی کے مکینوں نے دو روز قبل بلدیاتی نمائندوں کی عدم دلچسپی اور فنڈ میں کرپشن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں اور کھیل کے میدانوں کو کچرا کنڈی بنا دیا گیا ہے ، جبکہ علاقہ کھنڈر میں تبدیل ہو چکا ہے ۔ سیوریج نظام تباہ ہونے سے موذی امراض پھیل گئے ہیں ۔

Comments (0)
Add Comment